اہل بیت نیوز ایجنسی (ابنا) کے مطابق، یحییٰ سریع نے کہا کہ یمن کے صوبہ الجوف کی فضائی حدود میں سعودی جاسوس ڈرون ’’CH-4‘‘ کو مار گرایا گیا، جبکہ ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ کو متعدد ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور خمیس مشیط اڈے کے خلاف بھی دو کارروائیاں کی گئیں، جن میں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے۔ جیزان اور عسیر میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
سریع نے دعویٰ کیا کہ سعودی حمایت یافتہ فورسز نے باب المندب کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، تاہم یمنی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں یہ کوشش ناکام ہوگئی اور انہیں پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
ادھر عدن کے سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انصار اللہ کی جانب سے داغے گئے دو میزائلوں نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
یمنی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر 66 فضائی حملے کیے، جن میں الجوف، تعز، مأرب، الحدیدہ، حجہ اور صعدہ کے علاقے شامل ہیں۔ ان کے مطابق حملوں میں متعدد شہری، بالخصوص خواتین اور بچے، جاں بحق یا زخمی ہوئے۔
سریع کے مطابق، حالیہ کارروائیوں کے بعد یمن میں سعودی فضائی اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 1642 تک پہنچ گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ